پاکستان: 15 ماہ میں 2 ہزار سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص، سندھ سب سے زیادہ متاثر
اسلام آباد: پاکستان میں 15 ماہ کے دوران 2 ہزار سے زائد بچوں میں ہیومن امیونو وائرس ( ایچ آئی وی) کی تشخیص کی گئی۔
وفاقی وزارت صحت کے کامن مینجمنٹ یونٹ کے مطابق ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں میں 1274 لڑکے اور 834 لڑکیاں شامل ہیں جب کہ ایچ آئی وی سے سندھ میں سب سے زیادہ بچے متاثر ہوئےجہاں 15 ماہ کے دوران 1515 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی، سندھ میں 2025 کے دوران 1186 اور 2026 کے پہلے3 ماہ میں مزید 329 بچے متاثر ہوئے۔
سی ایم یو حکام کے مطابق اس فہرست میں پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2025 کے دوران 418 بچوں میں ایچ آئی وی کیسز رپورٹ کیے گئے ۔
اسی طرح خیبرپختونخوامیں 111 بچوں میں ایچ آئی وی کیسز رپورٹ کیے گئے جہاں 2025 میں 90 اور 2026 کےپہلے 3 ماہ میں 21 کیسز رپورٹ ہوئے۔
سی ایم یو حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں 38 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص کی گئی، صوبے میں 2025 میں 33 ، 2026 کے پہلے3 ماہ میں 5 کیسز ہوئے جب کہ اسلام آباد میں 22 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 2025 میں 17 اور 2026 میں مزید 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 3 اور گلگت بلتستان میں ایک بچے میں ایچ آئی وی کی تشخیص کی گئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں