علی امین گنڈاپور پولیس سمیت کسی ادارے کی حراست میں نہیں: وفاقی وزیر داخلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پولیس سمیت کسی ادارے کی حراست میں نہیں۔
اسلام آباد میں شہید پولیس کانسٹیل عبدالحمید شاہ کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ گنڈاپور بھاگے ہوئے ہیں، حراست میں نہیں، اسلام آباد میں ہوئے تو ڈھونڈ لیں گے، پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس سے علی امین گنڈاپور کے بھاگنے کی فوٹیج موجود ہے، پولیس نے تین، چار مقدمات پر چھاپے مارے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس ہے، شہید پولیس اہلکار کے ورثاء کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو شرپسندوں نے شہید کیا، پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ شہید کے خاندان میں دو بیٹے ہیں ایک کو پولیس میں نوکری دی جائے گی، شہید کے خاندان کو شہداء پیکیج کے ساتھ ایک پلاٹ بھی دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں