انتشار کی سازش بے نقاب ، جبران الیاس اور رؤف حسن کے واٹس ایپ پیغامات نے پول کھول دیا

جبران الیاس کے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما رؤف حسن کے ساتھ ہوشربا واٹس ایپ پیغامات نے غیر ملکی ایجنڈے پر پاکستان مخالف بیانیہ بے نقاب کردیا۔

سانحہ 9مئی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پروپیگنڈا کےلئے جبران الیاس نے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیں جس کے ثبوت مل گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2023سے مئی 2024 تک تصاویر، ویڈیوز اور پیغامات کے ذریعے مختلف بیانیے جبران الیاس نے رؤف حسن کو بھیجے ۔

جبران الیاس نے رؤف حسن کو پروپیگنڈے کے لئے 9 مئی سے متعلقہ فتنہ پھیلانے والی ویڈیوز اور ہیش ٹیگز بھی ارسال کئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال یکم مئی کو جبران الیاس نے رؤف حسن کو ٹی وی چینلز کے اسکرین شاٹس بھیجے جس میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے 9 مئی کے حوالے سے ریمارکس بھی شیئر کیے گئے۔

جبران الیاس نے رؤف حسن کو سوشل میڈیا پر چلائے گئے ٹرینڈز "مداخلت ہوتی ہے” اور "مئی 9 فالس فلیگ” بھی شئیر کیا۔

جبران الیاس کی جانب سے جسٹس منصور علی شاہ کا بیان بھی پروپیگنڈے کے لئے شیئر کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ؛ "یہ کس قسم کی ریاست ہے کہ ہر وقت اس چیز کا ڈر لگا رہتا ہے کہ کوئی ہمیں دیکھ رہا ہے، کوئی ہمیں سن رہا ہے، کوئی ہماری ریکارڈنگ کر رہا ہے، کیمرے ہماری ویڈیو بنا رہے ہیں، کیا ریاست اس طرح چلائی جاتی ہے”؟

جبران الیاس نے جھوٹےپروپیگنڈے کے لئے رؤف حسن کو واٹس ایپ پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ؛”ہم نے ایک گوگل ڈرائیو بنا لی ہے جس میں نو مئی سے متعلقہ فالس فلیگ آپریشنز کا تمام ڈیٹا محفوظ ہے جو استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ 9 مئی 2024 قریب آرہا ہے”

جبران الیاس نے شرپسندی کو مزید ہوا دیتے ہوئے رؤف حسن سے کہا کہ؛”ٹیم، فالس فلیگ ہیش ٹیگ اب بھی ٹرینڈ کر رہا ہے، آئیے اسے آگے بڑھاتے رہیں ۔ وجاہت سعید خان کے وی لاگ کے مطابق ” 9مئی کا فالس فلیگ مین سٹریم تک پہنچ گیا ہے”

7 مئی کو جبران الیاس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کی شرانگیزی کو سراہتے ہوئے رؤف حسن کو پیغام بھیجا کہ؛”پچھلے سات دنوں کے دوران سب نے بہت اچھا کام کیا ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہماری 9 مئی کی فالس فلیگ آپریشن کی مہم انتہائی موثر رہی ہے ”

جبران الیاس نے رؤف حسن کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ؛”لگتا ہے جو متوقع پریس کانفرنس 9 مئی کو آنی تھی وہ اب 7 مئی کو ہوئی ہے”-

14 مئی کے پیغام میں جبران الیاس نے رؤف حسن سے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کے لیے تنخواہوں کا تقاضا کیا جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پر زہریلا پراپیگنڈا باقاعدہ منظم منصوبے کے تحت پھیلایا جاتا ہے ۔

جبران الیاس کااپنے ایک پیغام میں رئوف حسن کو کہنا تھا کہ آپ سوشل میڈیا والوں کی تنخواہیں جاری کرنے میں میری مدد کر سکتے ہیں، جب ان کی تنخواہیں روکی جاتی ہیں تو وہ بہت تذلیل محسوس کرتے ہیں”

ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ جبران الیاس کی رؤف حسن کے ساتھ گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ جبران الیاس کا بیانیہ 9 مئی کی شرپسندی کے گرد گھومتا ہے۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق مذکورہ بالا تمام واٹس ایپ پیغامات سے یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر جبران الیاس کی مکمل گرفت ہے جو اس وقت غیر ملکی سرزمین پر بیٹھا ہے۔

جبران الیاس کے پس پردہ بھارتی اور صہیونی لابیز ہیں اور انہی کی ہدایات اور پالیسی کے مطابق یہ شخص سوشل میڈیا کو چلا رہا ہے۔

بیرونی ایماء پر نو مئی سانحے کو متنازعہ بنانے کی پلاننگ میں جبران الیاس اور روف حسن کا اہم کردار ہے ۔ان پیغامات سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ ججز کے سیاسی کیسز میں دیے گئے ریمارکس کو بطور ریاست مخالف پروپگینڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔

بیرون ملک بیٹھے ذرائع ابلاغ کے بعض نمائندے بھی پی ٹی آئی کے ریاست مخالف بیانیہ کو پھیلانے میں مدد دے رہے ہیں ۔جبران الیاس کا سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی تنخواہوں کا تقاضہ کرنا اس بات کا کلیدی ثبوت ہے کہ؛ پی ٹی آئی کی جانب سے ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے