آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، 6 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری متوقع

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام پانچوں آئل ریفائنریز ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی کے تحت معاہدوں پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کراچی کے دورے کے دوران پانچوں آئل ریفائنریز کی انتظامیہ سے ملاقات کی، جس میں براؤن فیلڈ ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد، ریفائنریز کی مالی و آپریشنل کارکردگی اور ملک کی توانائی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔وزیر پیٹرولیم کے مطابق پانچوں ریفائنریز کے معاہدوں پر آئندہ ماہ کے آغاز میں دستخط متوقع ہیں، جبکہ ریفائنری اپ گریڈیشن کے نتیجے میں 6 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ ریفائنری اپ گریڈیشن ملک کے ریفائننگ شعبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے ضروری ہے۔ اس منصوبے کے بعد پاکستان میں یورو 5 معیار کے ایندھن کی مصنوعات تیار کی جاسکیں گی۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر پٹرول اور ڈیزل کی پیداوار سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، جبکہ اس سے قیمتوں میں کمی میں بھی مدد مل سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ریفائنری اپ گریڈیشن پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق مسائل کے حل میں ریفائنریز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتی رہے گی۔دوسری جانب پارکو نے وزیر پیٹرولیم کو حب میں مجوزہ آئل سٹی کے حوالے سے جاری پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے