سرکاری ٹی وی کی بری کارکردگی:25 پروگرامز فوری بند کرنے کا فیصلہ
وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان ٹیلی ویژن کے 25 پروگرام بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن میں جامع اصلاحات کا آغاز کرتے ہوئے کم ریٹنگ کے حامل 25 پروگراموں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔25 پروگراموں کو بند کرنے کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا اور پروفیشنلزم اور تعمیری تنقید کے فروغ کے لیے نئی پالیسی کے تحت نئے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے پی ٹی وی سے سفارشی کلچر، نااہلی اور فیک نیوز کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی کا مقصد پیشہ ورانہ رویوں اور تعمیری تنقید کو فروغ دینا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹاک شوزکی ریٹنگ کے حوالے سے خدشات دور کیے جائیں گے اور اس حوالے سے پالیسی میں تبدیلی کی گئی ہے تاکہ تعمیری تنقید کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پی ٹی وی کے شوز اور پروگراموں کو منافع بخش بنانا ہے. عطااللہ تارڑ نے کہا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی کامیاب کوریج کی گئی اور اس سے پی ٹی وی کو تاریخی منافع ہوا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں