نقصان کے باوجود جوانوں کے حوصلے بلند،بدلہ ضرور لیں گے: آئی جی پنجاب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں گزشتہ روز ہونے والے ڈاکوؤں کے حملے میں ہمارا بھاری نقصان ہوا تاہم جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم بدلہ ضرور لیں گے۔
آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شیخ زیدہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کا واقعہ محکمہ پولیس کا بھاری نقصان ہے، پولیس نے فوری جوابی کارروائی کی، ایک ڈاکو کو ہلاک اور 5زخمی کر دئیے ۔سندھ پولیس ہمارے ساتھ ہے، ڈی آئی جی سکھر آئےہیں، ہمارا بھاری نقصان ہوا لیکن جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بند بنائے گئے، چوکیاں بنیں، بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں دی گئیں، پولیس کے جوانوں کےساتھ ساتھ مکینوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، کچے میں بیس کیمپ اور چوکیاں قائم کرنے کا مقصد نوگو ایریا ختم کرنا ہے۔
آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کچے میں بارش کے باعث پولیس کی گاڑیاں پھنسیں اور ڈاکوؤں نے موقع کا فائدہ اٹھایا، موسمی حالات کی وجہ سے پھنس جانے کو ناکامی قرار نہیں دے سکتے، بدلہ ضرور لیں گے۔کچے میں ہونے والے آپریشن میں اب تک 65 ڈاکو ہلاک اور 100 سے زائد زخمی کیے گئے، ہمارے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، علاقے کو ڈاکوؤں سے کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں