وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) آزاد کے صدر شاہ غلام قادر کی اہم ملاقات

وزیراعظم  شہباز شریف سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اہم ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، جماعتی معاملات اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے شاہ غلام قادر کی قیادت میں جماعت کو منظم کرنے اور فعال سیاسی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں آئندہ عام انتخابات کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے کا مکمل اختیار شاہ غلام قادر کو سونپتے ہوئے کہا کہ “پہلے بھی آپ کے پاس اختیار تھا، اب بھی آپ ہی مکمل اعتماد کے ساتھ لائحہ عمل طے کریں۔”

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر ہمیشہ سے ہماری اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے، اور حکومت پاکستان نہ صرف خطے کی تعمیر و ترقی بلکہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے بھی ہر ممکن سفارتی اور سیاسی کردار ادا کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے پاک بھارت جنگ کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے پاک فوج کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ جرأت، بہادری اور وفاداری کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں۔”

شاہ غلام قادر نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر میں جماعتی تنظیم، سیاسی فضا اور عوامی روابط سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اور آئندہ کی حکمت عملی پر رہنمائی حاصل کی۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی تنظیمی فعالیت کو مزید بڑھانے اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے