افغانستان کو دہشتگردوں کے تمام خفیہ ٹھکانوں سے آگاہ کر دیا گیا ، پاکستان کا کارروائی کا مطالبہ
پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان نے دورہ کابل میں افغان وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی سے ملاقات کی۔
افغان وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی و سفارتی تعلقات پر بات چیت کی گئی، ملاقات میں تجارت، راہداری اور عوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
نمائندہ خصوصی محمد صادق خان نے دورہ کابل میں دہشتگردی کے لئے افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال پر پاکستان کی جانب سے گہری تشویش کا پیغام دیا اور کالعدم ٹی ٹی پی کے تمام خفیہ ٹھکانوں کی تفصیلات سے بھی طالبان کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں افغانستان سے لائے غیر ملکی اسلحہ کے استعمال کے مزید ثبوت منظرعام پر
افغانستان کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان کو ٹی ٹی پی کے افغانستان میں ٹھکانوں سے متعلق شدید خدشات ہیں ۔ نمائندہ خصوصی نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کمانڈرز کی حوالگی کے بارے میں بات کی اور افغان طالبان سے ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں کے خلاف موثر کارروائی کا دو ٹوک مطالبہ کیا۔
افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ افغانستان کی حکومت پاکستان سے مثبت تعلقات کے لیے پر عزم ہے، افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ٹرانزٹ کے تبادلے کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
نمائندہ خصوصی برائے افغانستان نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، دورے کا مقصد دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور ٹرانزٹ شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنا ہے، ہمیں باہمی مسائل کو حل کرنا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور سرگرمیوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں