سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں حکومت اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں حکومت اور اپوزیشن اتحاد کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پارلیمنٹ ہاؤس میں ہورہے ہیں جس کی سربراہی سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کررہے ہیں۔مذاکرات میں حکومتی اتحاد کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، عرفان صدیقی ، رانا ثناءاللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار شامل ہیں۔
اپوزیشن کی طرف سے سات رکنی ٹیم جس میں اسد قیصر، علی امین گنڈا پور ، حامد رضا، علامہ ناصر عباس مذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات کا نتیجہ ایک دن میں نہیں نکل سکتا: شوکت یوسفزئی
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ بھی تیار کر لیا۔ تیار کردہ ڈرافٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی فہرست تیار کی گئی ہے، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے جائیں گے، جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں