وزیراعظم اپوزیشن سے نئے جھگڑے چھیڑنے کے بجائے اعتماد بحال کریں، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ نئے تنازعات شروع کرنے کے بجائے سیاسی اعتماد بحال کرنے پر توجہ دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔کراچی میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے گئے گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے اور تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ مشکل وقت میں کون ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ عوام کو نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل درکار ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ موجودہ معاشی بحران، تعلیمی مسائل اور بے روزگاری کے باعث سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ عوام حکومتوں سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان کی زندگی آسان بنانے اور مسائل حل کرنے کے لیے کام کریں گی، نہ کہ انہیں تقسیم کرنے کی سیاست میں الجھائیں گی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے تعمیر کیے گئے 10 لاکھ گھر محض عمارتیں نہیں بلکہ ان کے مالکان کو زمین کی ملکیت کا حق بھی دیا گیا ہے۔ ان گھروں کی خواتین کو زمین کا مالک بنایا گیا اور ایسے افراد کو گھر تعمیر کرکے دیے گئے جن کے پاس اپنی چھت نہیں تھی۔ ان کے مطابق یہ 1970 کے بعد زمین کی منتقلی کا بھی سب سے بڑا منصوبہ ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت کے گھروں کی تعمیر اور مفت علاج کے منصوبوں کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کو سہولتیں دیں اور مشکل حالات میں ان کا معاشی تحفظ یقینی بنائیں۔ سندھ حکومت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بعد 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون سی سیاسی جماعت انہیں معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سیاسی جماعتوں کو محض ایک دوسرے پر تنقید کرنے کے بجائے یہ بتانا چاہیے کہ وہ عوام کو معاشی مشکلات اور ناکامیوں سے کیسے نکالیں گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاقی ادارے عالمی بینک کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہے تھے کہ صوبائی ادارے کرپٹ ہوتے ہیں، تاہم عالمی بینک نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت نے عملی کام کرکے اس اعتماد کو درست ثابت کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کو جس بڑے پیمانے پر قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا، شاید دوسرے صوبے اس کا مقابلہ نہ کر پاتے۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ میں تعلیم کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔ ہماری کردار کشی اور تنقید کرنے والے ہم سے سیکھیں کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے۔بلاول بھٹو نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نے سیلاب کے دوران سندھ کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا، تاہم سندھ حکومت نے اپنے طور پر متاثرین کے لیے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک نے صوبائی حکومت پر اعتماد کیا اور سندھ حکومت نے منصوبہ مکمل کرکے عملی طور پر اپنی صلاحیت ثابت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ غربت اور مہنگائی کے اس دور میں عوام یہ نہیں دیکھنا چاہتے کہ سیاسی جماعتیں آپس میں کیسے لڑتی ہیں۔ تمام جماعتوں کو باہمی اختلافات کے باوجود مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہشات کے مطابق نظام کو جوڑنے اور توڑنے سے عوام کے مسائل کیسے حل ہوں گے؟آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا کہ یہ وقت نئے سیاسی تنازعات کا نہیں بلکہ سب سے پہلے اتحادیوں اور اپوزیشن کا اعتماد بحال کرنے کا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں