قطر کا لبنان میں بڑے سولر پاور پلانٹ کی تعمیر کا اعلان

قطر نے لبنان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد کے لیے بڑے پیمانے پر شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت قطر انرجی اور فرانسیسی کمپنی ٹوٹل انرجیز مشترکہ طور پر لبنان میں سولر پاور پلانٹ تیار کریں گی۔قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے جمعے کو بیروت میں اپنے لبنانی ہم منصب نواف سلام سے ملاقات کے بعد کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک جامع فریم ورک تشکیل دینے اور قابلِ عمل حل تلاش کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔قطری وزیر اعظم کے مطابق اس منصوبے کا مقصد لبنان میں بڑی سرمایہ کاری کرنا ہے، جس سے لبنانی معیشت کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ اس منصوبے میں شریک قطری کمپنیوں اور اداروں کے لیے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں قطر انرجی نے فرانسیسی توانائی کمپنی ٹوٹل انرجیز کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت دونوں کمپنیاں لبنان میں مشترکہ طور پر شمسی توانائی کا پاور پلانٹ تیار کریں گی۔ اس منصوبے کو ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب لبنانی وزیر اعظم نواف سلام نے کہا کہ بجلی کے شعبے سے متعلق منصوبے جلد کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے، تاکہ ان پر مزید پیش رفت کی جا سکے۔لبنان طویل عرصے سے بجلی کی فراہمی اور توانائی کے شعبے میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ قطر کی جانب سے اعلان کردہ منصوبے کو اس شعبے میں تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے