پشاور اسکول سانحہ: ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، ثمر ہارون بلور
پشاور: خیبر پختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ پشاور اسکول سانحے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد یقینی بنائے گی۔ثمر ہارون بلور نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا اس سانحے میں متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے۔ غم کی اس گھڑی میں بچوں کے والدین اور اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ اور پولیس اہلکار موقع پر موجود ہیں اور متاثرہ بچوں کے والدین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ جاں بحق بچوں کی میتیں والدین کی سہولت اور خواہش کے مطابق ترتیب وار ان کے حوالے کی جائیں گی، جبکہ ضروری قانونی کارروائی اس انداز میں مکمل کی جا رہی ہے کہ لواحقین کو کم سے کم تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سانحے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد میں کسی بھی تبدیلی سے عوام کو مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امدادی سرگرمیوں میں تعاون کریں، ایمبولینسوں اور مریضوں کے لیے راستے کھلے رکھیں اور اسپتال میں غیر ضروری رش سے گریز کریں تاکہ امدادی کارروائیاں متاثر نہ ہوں۔مشیر اطلاعات نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ سانحے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور متاثرہ خاندانوں کی مدد و معاونت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں