ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے 25ویں صدر منتخب

مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی 32 ووٹ حاصل کرکے آزاد جموں و کشمیر کے نئے صدر منتخب ہوگئے۔ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے 25ویں صدر ہیں۔ صدارتی انتخاب کے لیے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، جبکہ پولنگ دوپہر ایک بجے تک جاری رہی۔پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 13 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ایک رکن اسمبلی انتخاب کے موقع پر غیر حاضر رہا۔نومنتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کی تقریب حلف برداری کے لیے دعوت نامے بھی جاری کیے گئے ہیں۔ وہ آج ہی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر نجیب نقی کو صدر آزاد جموں و کشمیر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر نجیب نقی کا انتخاب آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر نجیب نقی اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ڈاکٹر نجیب نقی کو آزاد جموں و کشمیر کا 25واں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے