کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں پر انتخابات 12 اکتوبر کو ہوں گے
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کشمیر کونسل کی خالی 4 نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا، جس کے مطابق پولنگ 12 اکتوبر کو ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواران اپنے کاغذات نامزدگی یکم اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا سکیں گے۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو صبح 10 بجے ہوگی، جبکہ کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 5 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک دائر کی جا سکیں گی۔اپیلوں پر سماعت 6 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک ہوگی، جبکہ اپیلوں پر فیصلے بھی اسی روز سنائے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق امیدواران 7 اکتوبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق 12 اکتوبر کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہال میں کشمیر کونسل کی خالی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ پولنگ کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور فوری طور پر نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں