اسلام آباد کی سڑک سے اچانک پانی کا چشمہ پھوٹ پڑا
ویب ڈیسک :اسلام آباد ایکسپریس وے پر زیرو پوائنٹ کے قریب سڑک سے مسلسل پانی نکلنے کی وائرل ویڈیو نے شہریوں کو حیران کردیا، تاہم سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ یہ کسی پائپ لائن کی لیکیج نہیں بلکہ حالیہ تیز بارشوں کے باعث نمودار ہونے والا قدرتی چشمہ ہے۔ڈی جی واٹر سردار زمری کے مطابق اس مقام سے سی ڈی اے کی کوئی پائپ لائن نہیں گزر رہی۔ مون سون بارشوں کے بعد زیرِ زمین پانی کی سطح غیرمعمولی طور پر بلند ہوئی، جس کے نتیجے میں قدرتی چشمہ پھوٹ پڑا۔انہوں نے بتایا کہ سڑک اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے بچانے کے لیے سی ڈی اے کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں، جبکہ ڈرینج لائن کی صفائی، گہری کھدائی اور پانی کے دباؤ کو کم کرکے اس کے مناسب بہاؤ کا راستہ بنانے کا کام جاری ہے۔ڈی جی واٹر کے مطابق پاکستان مونومنٹ اور منسٹر انکلیو کے قریب پہاڑیوں سے بھی قدرتی اور صاف پانی کے چشمے پھوٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی اور جون کی شدید گرمی کے دوران زیرِ زمین پانی کی سطح خطرناک حد تک کم ہوگئی تھی، تاہم حالیہ بارشوں کے بعد پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ اور قدرتی چشموں کا نمودار ہونا اسلام آباد کے ماحول اور شہریوں کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں