پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 تک کرانے پر اتفاق

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے معزز ارکان نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی، بابر حسن بھروانہ اور جسٹس (ر) اکرام اللہ نے شرکت کی۔پنجاب حکومت کی جانب سے چار رکنی کابینہ کمیٹی بھی اجلاس میں شریک ہوئی، جس کی سربراہی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے کی۔ کمیٹی میں وزیر مائنز اینڈ منرل سردار شیر علی گورچانی، وزیر ایگریکلچر سید محمد عاشق حسین شاہ اور وزیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات شامل تھے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ (LG & CD)، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے۔ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(4) کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ پنجاب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کی دفعہ 219(3) اور پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ 59 کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے صوبائی حکومت سے مشاورت ضروری ہے۔پنجاب مشاورتی کمیٹی کے کنوینئر اور وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پُرعزم ہیں اور انہوں نے کمیٹی کو مشاورت کا مکمل اختیار دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع کرنا ہے اور وسائل کی مناسب فراہمی کے لیے بھی وقت درکار ہے۔ذیشان رفیق کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے عمل میں تدریسی عملے کی خدمات زیادہ درکار ہوتی ہیں، اس لیے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانا زیادہ مناسب ہوگا، کیونکہ اس عرصے تک بچوں کے امتحانات بھی مکمل ہوچکے ہوں گے اور صوبے میں دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے الیکشن کمیشن کو بریف کیا کہ صوبائی حکومت مذکورہ تاریخوں کے دوران صوبے میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تاکہ انتخابات کے لیے مناسب سکیورٹی اور بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی جانب سے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کیا۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتی ہے تو اس سلسلے میں جلد از جلد اپنا منصوبہ الیکشن کمیشن کے سامنے مشاورت کے لیے پیش کرے۔چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے پنجاب کابینہ کی کمیٹی کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ایک آئینی ذمہ داری کو مکمل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے