وزیراعظم کی سیلاب متاثرین کو ہر ممکن امداد کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک کی موسمیاتی صورتحال اور مون سون بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ملک میں موسمیاتی صورتحال، بالخصوص مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام کو ہر ممکن امداد اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو متعلقہ صوبائی اداروں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے کی ہدایت بھی کی، تاکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔وزیراعظم نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اہمیت کو بھی سراہا۔چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق وفاقی حکومت کے تعاون سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے