: میر رضا نے خودکشی نہیں کی، گورنر سندھ نہال ہاشمی کا دعویٰ

کراچی: میر رضا نے خودکشی نہیں کی، اسے 4 گولیاں لگی تھیں، گورنر سندھ نہال ہاشمی کا دعویٰکراچی میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے نوجوان تاجر میر رضا کی موت سے متعلق اہم انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ میر رضا نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے 4 گولیاں لگی تھیں۔ ان کے مطابق یہ ان کی معلومات ہیں، جبکہ واقعے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ کسی بھی نوجوان کی ہلاکت انتہائی افسوسناک ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ نوجوانوں میں لیپ ٹاپ کی تقسیم وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد طلبہ کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو بہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت اب تک تقریباً 7 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ سال اس پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان 25 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا ہدف حاصل کرنا چاہتا ہے اور نوجوان اس مقصد کے حصول میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کراچی کے طلبہ کی جانب سے قائم کی گئی ایک کمپنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسے ملین ڈالرز میں ایلون مسک کو فروخت کیا گیا، جو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔نہال ہاشمی نے کہا کہ وہ آئین کے تحت گورنر کے منصب پر فائز ہیں اور ہمیشہ آئین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ماضی کے مقابلے میں شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے، تاہم امن و امان کے قیام کے لیے مزید اقدامات ضروری ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے