فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیرخارجہ کی ملاقات
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ نے پاکستان میں تعینات کویتی سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی امن و استحکام، دفاعی تعاون اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کویت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ دونوں جانب سے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں