ایران کا دوٹوک انتباہ، آئندہ کسی بھی حملے کا پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا

تہران: ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ مستقبل میں ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا پہلے سے زیادہ سخت، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ آپریشن مرصاد کی سالگرہ کے موقع پر جاری بیان میں ایرانی فوج نے کہا کہ مسلح افواج ہر قسم کے خطرات اور دشمن کی ممکنہ سازشوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ بیان کے مطابق ایرانی فوج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ چوکس ہے اور قومی سرحدوں کا تحفظ اس کی اولین ترجیح ہے۔ فوج نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں کسی بھی فریق نے ایران کے خلاف جارحیت کی تو اسے پہلے سے زیادہ سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری اور بھرپور مقابلہ کیا جا سکے۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ بیان آپریشن مرصاد کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا، جس میں اس آپریشن کو ایران کی دفاعی تاریخ کا اہم سنگِ میل قرار دیا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے، اور ایران اپنی دفاعی تیاریوں کے ساتھ ممکنہ مخالفین کو واضح پیغام دینا چاہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے