کشمیر ہماری شہہ رگ ہے، آج پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ کشمیری مہاجرین کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے اور ہمیں ان جانوں کے نذرانوں سے آزادی ملی جنہوں نے خون بہایا۔

ایل اے 36 جموں 3 میں کارکنوں سے خطاب میں  خواجہ آصف نے کہا کہ  آزاد کشمیر کے بہت الیکشن دیکھے ہیں، مگر جس پس منظر میں یہ الیکشن ہو رہے ہیں پہلے ایسےنہیں ہوئے، یہ الیکشن کشمیر کاز کے ساتھ محبت اور کشمیریوں کی حفاظت کا الیکشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیری مہاجرین کی قدر و قیمت بہت زیادہ ہے، ہمیں ان جانوں کے نذرانوں سے آزادی ملی، جنہوں نے خون بہایا، کشمیر میں بیٹھے پاکستان کا نعرہ لگانے والے سینکڑوں نوجوانوں کو اٹھایا گیا جو گھر نہیں پہنچے، کیا برطانیہ میں بیٹھا ہوا کشمیری ان کشمیریوں کی برابری کر سکتا ہے؟  قائداعظم نے کہا تھا کشمیر ہماری شہہ رگ ہے، آج پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ کوئی قربانیوں سے رشتہ بناتا ہے اور کوئی گھر بیٹھ کر بناتا ہے، چارسال میں چار ہزار سے زائد قربانیاں دینے والی فوج کو گالی دی جاتی ہے، فیلڈ مارشل کا رشتہ وطن سے محبت ہے، شہداء اور غازیوں کو سلام ہے جنہوں نے وطن کی عزت رکھی، پاکستان کا نام ایران اور امریکا کی جنگ میں ہر تھوڑی دیر بعد ٹی وی پر نظر آتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے