معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب زیادہ سخت ہوگا: افواجِ پاکستان
اسلام آباد: بھارت کے خلاف معرکہ حق کا پہلا سال مکمل ہونے پر پاک افواج نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معرکہ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا ، دشمن کو آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
بھارت کے خلاف کامیاب اور تاریخی معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہوگیا جس پر پاک افواج کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق نے قومی اعتماد کو نئی جدت دی، معرکہ حق نے پاک فضائیہ کی جدید جنگی تیاریوں کو دنیا پر ثابت کیا، پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی اور صلاحیتوں کے ذریعے مستقبل کی فضائی قوت کے طور پر ابھر رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ معرکۂ حق میں دشمن نے پاکستان کی قوت اور فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت، درستگی اور عزم کے ساتھ دیا جائے گا، دشمن کو آئندہ ہر مہم جوئی کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملٹی ڈومین آپریشنز میں مہارت نے فضائیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، موثر اور فیصلہ کن فورس بنا دیا، معرکہ حق کے آپریشنز فضائی جنگ کی تاریخ میں منفرد اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کی کامیابیوں نے قوم کے اعتماد اور جذبۂ حب الوطنی کو مزید مضبوط کیا، پاکستان امن پسند ملک اورپاک افواج ذمہ دارانہ اور پختہ اسٹریٹجک سوچ کی حامل ہیں، پاک افواج کی ہر تیاری، ہر کوشش کا محور خطے میں امن، استحکام کا فروغ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افواج کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے امن ہمیشہ عزت، وقار اور برابری کے اصولوں سے جڑا رہا ہے، پاک افواج خطے کی بدلتی جیوپولیٹیکل صورتحال سے باخبر ہیں، پاک افواج دشمن کی جارحانہ عسکری تیاریوں سے باخبر ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پا ک فوج جدیدٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہی ہے، پاک افواج مستقبل کے جنگی ماحول کے لیے پہلے سے زیادہ تیار مستعد ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کے تاریخی دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی جرات، تیاری اور بروقت کارروائی عسکری تاریخ کا روشن باب بن چکی ہے، پاک فضائیہ نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام اور قومی سلامتی کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ جدید جنگی صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے باعث دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے، پاک فضائیہ ہمیشہ عظیم قوم کے لیے فخر، طاقت اور اعتماد کی علامت بنی رہے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں