سپریم کورٹ کے فیصلے پر مولانا فضل الرحمن کا یوم تشکر منانےکا اعلان
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مبارک ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پرکل (جمعہ )ملک بھر میں یوم تشکر منانےکا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت عقیدہ ختم نبوت کےخلاف سازش نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ نے مبارک ثانی کیس کے حتمی فیصلےکا اعلان کیا ہے، سپریم کورٹ نےقابل اعتراض تمام شقوں کو ختم کردیا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دینی جماعتوں نے سپریم کورٹ کو فیصلے سے متعلق قائل کیا، سپریم کورٹ نے پچھلی سماعتوں کے قابل اعتراض نکات کو ختم کردیا، تمام دینی جماعتوں اور ان کےکارکنان کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔
چیف جسٹس نے بہت ہی فراخدلی کا مظاہرہ کیا، چیف جسٹس نے جس مثبت روئیے کا اظہار کیا ان کو داد دینی چاہیے، ایک انسان اتنے بڑے منصب پر ہو کر کہتا ہےکہ ہم سے غلطی ہوسکتی ہے تو یہ کافی ہے، اس مسئلے پر حکومت اور اپوزیشن سب ایک صفحے پر تھے، ہم اُن کے انسانی حقوق کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ آئین پاکستان کو تسلیم کریں، کوئی شہری دنیا کے کسی حصے میں آئین کو تسلیم نہیں کرتا تو اس کے شہری حقوق ختم ہوجاتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں