وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی الوداعی ملاقات
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ایس اے پی ایم طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔
وزیر اعظم نے سفیر کو پاکستان میں اپنی مدت ملازمت کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی مضبوطی کے لیے ان کے کردار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے پر ان کی قیادت کو سراہا۔
شہباز شریف نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کے دورے، پاکستان-یو اے ای کے مشترکہ وزارتی کمیشن اور حال ہی میں ایک باضابطہ آپریشنل ڈیوٹی پاسپورٹ، ہولڈرز معاہدے پر دستخط کرنا شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد از جلد شیخ محمد بن زید النہیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کے منتظر ہیں، اس سے دونوں فریقین کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے الوداعی ملاقات پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں اپنے نو سالہ قیام کے دوران حکومت کے ساتھ ساتھ ملک کے عوام کی طرف سے ملنے والی حمایت اور دوستی کے بے حد مشکور ہیں۔ دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان دوستی کے خصوصی رشتوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مضبوط تعلقات کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں