پاکستان کے بٹ کوائن ریزرو کے قیام کے اعلان پر بھارت میں کھلبلی
کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان نے کرپٹو کو قانونی کرنسی نہ بنانے کا مؤقف تبدیل کرلیا اور امریکا کی پیروی کرتے ہوئے حکومت بِٹ کوائن اسٹریٹیجک ریزرو قائم کررہی ہے۔
امریکی شہر لاس ویگاس میں بِٹ کوائن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرپٹو کونسل کے سربراہ بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان نےفروری میں غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنےکےلیے اور کرپٹو کرنسیوں کےلیے’نیشنل کرپٹو کونسل‘ قائم کی۔پاکستان کرپٹو ریگولیٹری پالیسیوں کو اپنا رہا ہے اور جامع ریگولیٹری فریم ورک کی ترقی کےلیے ہی’نیشنل کرپٹو کونسل‘ قائم کی۔
سربراہ کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کا کہنا تھا کہ پاکستان نےکرپٹو کو قانونی کرنسی نہ بنانے کا مؤقف تبدیل کر لیا ہے، پاکستان نے بِٹ کوائن اسٹریٹیجک ریزرو کے قیام میں امریکا کی پیروی کی ہے، پاکستان اسٹریٹیجک بِٹ کوائن ریزرو قائم کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزیدکہا مئی میں بِٹ کوائن کان کنی اور اعلیٰ کارکردگی والےکمپیوٹنگ ڈیٹاسینٹرزکےلیے 2 ہزار میگا واٹ اضافی توانائی مختص کرنےکا اعلان کیا گیا ہے۔
بھارتی تجزیہ کاروں نے مودی حکومت کوکرپٹو کی دنیا میں امریکا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے تعاون پر نظر رکھنے کا مشورہ دے دیا، بھارتی تجزیہ کار نے لکھا کہ پاکستان کرپٹو کے ذریعے امریکا کے ساتھ دوبارہ تعلقات مضبوط بنارہا ہے۔حال ہی میں امریکی صدر ٹرمپ سے منسوب ورلڈ لبرٹی فنانشل کارپوریشن اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے، جس میں پاکستان کو کرپٹو حب بنانے کا خاکہ پیش کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں