ملک میں مہنگائی میں کمی کے باوجود 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، ہفتہ وار رپورٹ جاری
ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں 0.98 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی اور ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 13.52 فیصد پر آگئی۔
ادارہ شماریات نے بتایاکہ مہنگائی میں کمی کے باوجود 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹماٹر کی قیمتوں میں 125.40 فیصد اضافہ، پیاز 10.72 فیصد اور آلو 10.06 فیصد مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق انڈے 8.32 اور آٹے کی قیمتوں میں 5.08 فیصد کا اضافہ ہوا، اس کے علاوہ دودھ، دہی اور چاول سمیت دیگر اشیا بھی مہنگی ہوئیں۔
ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ چکن 1.97 اور کیلے 1.44 فیصد سستے ہوئے، دالیں، چینی، پیٹرول، ایل پی جی اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں