عمران خان اور بشریٰ بی بی سے وکلا کو ملاقات کی اجازت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کو اڈیالہ جیل میں اپنے موکلوں سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ دونوں وکلا کی کل عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے تک ملاقات کرائی جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ حکم 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے، المعروف القادر ٹرسٹ کیس، میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران جاری کیا۔سماعت کے دوران چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل سلمان صفدر سے استفسار کیا کہ چند روز قبل بھی ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی تھی، اب دوبارہ ملاقات کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے؟ سلمان صفدر نے بتایا کہ ملاقات ضرور ہوئی تھی، تاہم وقت ناکافی ہونے کے باعث اپنے موکل سے دوبارہ ملنا ضروری ہے۔عدالت نے پہلے سردار لطیف کھوسہ کو بشریٰ بی بی اور عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی، جس کے بعد سلمان صفدر کو بھی اپنے موکل سے ملنے کی اجازت دے دی گئی۔ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ ملاقات کا حکم قانون کے مطابق دیا جا رہا ہے اور ایسا نہ ہو کہ بعد میں مزید پانچ افراد کی ملاقات کے لیے اجازت مانگی جائے۔اپیلوں کی سماعت کے دوران سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی صحت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے ملاقات میں بتایا تھا کہ تقریباً چھ ماہ قبل حکام انہیں سرجری کے لیے لے کر گئے تھے اور اب 15 نومبر کو دوبارہ آپریشن کیا جانا ہے۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں جیل حکام بھی بشریٰ بی بی کی آنکھوں کے مسئلے کو تسلیم کر چکے ہیں۔سلمان صفدر نے کہا کہ انہوں نے تاحال صحت کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی، تاہم عدالتیں خواتین کے معاملات کو ہمیشہ نرمی سے دیکھتی ہیں۔ ان کے مطابق بشریٰ بی بی کا جیل میں مناسب علاج ممکن نہیں، پہلے ان کا علاج ہونا چاہیے، جس کے بعد وہ اپیلوں پر دلائل دے سکیں گے۔وکیل نے یہ بھی کہا کہ ایک خاتون کی سرجری کے بعد اسی روز انہیں دوبارہ سیل میں بند کر دینا مناسب نہیں۔ ڈاکٹرز نے ایمرجنسی میں آپریشن کیا تھا، اس لیے فوری طور پر جیل میں واپس بند کرنا درست نہیں تھا۔دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نوید ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج جاری ہے اور علاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں۔ انہوں نے بشریٰ بی بی کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔نوید ملک کے مطابق میڈیکل بورڈ 8 نومبر کو بھی بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرنے جیل گیا تھا۔ اس موقع پر سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ جیل حکام سے علاج اور طبی سہولتوں سے متعلق تفصیلات طلب کی جائیں
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں