ڈوین جانسن کا نیا روپ دیکھ کر مداح حیران، پہچاننا مشکل ہوگیا
ہالی ووڈ کے معروف اداکار ڈوین جانسن المعروف ’دی راک‘ اپنی نئی فلم کے لیے بالکل مختلف اور حیران کن روپ میں سامنے آئے ہیں، جس میں انہیں پہچاننا بھی مشکل ہو گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 54 سالہ اداکار کو نیویارک کے علاقے بروکلین میں فلم ’لزرڈ میوزک‘ کی شوٹنگ کے دوران دیکھا گیا، جہاں وہ ایک عمر رسیدہ شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔شوٹنگ کے دوران سامنے آنے والی تصاویر میں ڈوین جانسن سفید بالوں، سرمئی داڑھی، چہرے پر بڑھاپے کے نمایاں نشانات اور ڈھیلے لباس میں دکھائی دیے۔ رپورٹ کے مطابق اداکار نے اپنے کردار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے وزن بھی کم کیا ہے، جس کے باعث ان کی شخصیت پہلے سے بالکل مختلف نظر آ رہی ہے۔فلم میں ڈوین جانسن 70 سال سے زائد عمر کے ایک دلچسپ کردار ’دی چکن مین‘ کا روپ دھار رہے ہیں، جس کی ساتھی ایک 85 سالہ مرغی ہے۔ فلم کی کہانی میں یہ منفرد کردار خاص اہمیت رکھتا ہے۔بینی سفدی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’لزرڈ میوزک‘ میں ریچل میک ایڈمز اور ایلیسیا سلورسٹون سمیت کئی معروف اداکار بھی شامل ہیں۔فلم کی ریلیز 25 دسمبر 2027 کو متوقع ہے۔ ڈوین جانسن کا یہ غیر معمولی روپ ان کے مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، کیونکہ اداکار کو عموماً مضبوط جسم اور ایکشن سے بھرپور کرداروں میں دیکھا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں