9 مئی جیسے حالات سے فیصلہ کن طاقت سے نمٹا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس
اسلام آباد: 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے مطابق بلاامتیاز اور بلا جھجک نمٹا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ اجلاس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔کانفرنس کے آغاز میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکا نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔کانفرنس کے شرکا نے افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا۔ فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ضروری ہیں۔فورم کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو مؤثر بنانے کے لیے گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانا، عوام کے ساتھ دہشت گردی کی وجوہات اور متعلقہ معاملات پر مؤثر رابطہ کاری کرنا اور مخصوص عناصر کے زیر سایہ موجود کرائم ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے پولیس کی استعداد کار میں اضافے پر بھی زور دیا گیا۔کانفرنس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کیا گیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا گیا۔شرکا نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ فورم نے حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی شعبوں کے انضمام کے ذریعے دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں