مکہ دفاعی معاہدہ، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان کی نیویارک میں ملاقات ہوئی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق تینوں وزرائے خارجہ کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر پیش رفت اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران معاہدے کے تحت جنرل سیکرٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان کے مطابق تینوں وزرائے خارجہ نے مکہ مکرمہ اور مملکت سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات پر ہونے والے گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور مملکت کی سلامتی کے دفاع کی صلاحیت کو بھی سراہا۔ملاقات میں تینوں ممالک کے سربراہانِ افواج کا ہنگامی اجلاس بلانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سربراہانِ افواج کی ملاقات میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت مملکت سعودی عرب کی معاونت کے طریقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ معاہدے کے تحت کسی ایک فریق پر حملے کو تمام فریقوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔تینوں وزرائے خارجہ نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں بحری آمدورفت کے تحفظ اور آزادی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور خطے میں جاری بحرانوں کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں