ہیری اور میگھن کی موجودگی شاہی خاندان کی نمائندگی نہیں، کنگ چارلس کا واضح فیصلہ
لندن: برطانیہ کے بادشاہ کنگ چارلس سوم نے واضح کر دیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کے غیر فعال ارکان ہی رہیں گے اور برطانیہ واپسی کے باوجود شاہی فرائض انجام نہیں دیں گے۔رپورٹ کے مطابق شاہی محل کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد طے پانے والے انتظامات کے مطابق شاہی خطابات کو سرکاری فرائض کے لیے استعمال نہیں کریں گے۔شاہی محل کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن اگر کسی فلاحی سرگرمی میں حصہ لیتے ہیں تو وہ اسے نجی حیثیت میں انجام دیں گے اور ان کی کسی بھی سرگرمی کو شاہی خاندان کی باضابطہ نمائندگی تصور نہیں کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن کی سیکیورٹی سے متعلق فیصلے بھی شاہی محل کے بجائے متعلقہ حکومتی اور پولیس اداروں کے اختیار میں رہیں گے۔شہزادہ ہیری طویل عرصے سے برطانیہ میں پولیس سیکیورٹی کی فراہمی کے معاملے پر قانونی جدوجہد کرتے آئے ہیں، تاہم ان کی سیکیورٹی سے متعلق فیصلے بدستور متعلقہ حکومتی اور پولیس ادارے ہی کریں گے۔شاہی محل کے اس اقدام کا مقصد شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی موجودہ حیثیت سے متعلق کسی بھی قسم کے ابہام کو دور کرنا بتایا گیا ہے۔یوں برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے یہ واضح کردیا گیا ہے کہ ہیری اور میگھن کی برطانیہ میں موجودگی یا ان کی جانب سے کسی فلاحی سرگرمی میں شرکت کو شاہی خاندان کی سرکاری یا باضابطہ نمائندگی نہیں سمجھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں