پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور یہاں باصلاحیت باکسرز کی کوئی کمی نہیں:عامر خان
سابق عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور یہاں باصلاحیت باکسرز کی کوئی کمی نہیں، تاہم اس کھیل کے فروغ کے لیے حکومتی سرپرستی اور بھرپور سپورٹ کی ضرورت ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ پاکستان میں باکسنگ ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو ہفتے کے روز ہوگا، جبکہ شائقین کے لیے اس میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں برطانوی نژاد اور ڈینش نژاد پاکستانی باکسرز بھی شرکت کریں گے، جبکہ خواتین باکسرز بھی مختلف فائٹس میں حصہ لیں گی۔عامر خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں باکسنگ کے ایونٹس منعقد ہورہے ہیں اور بھارت میں بھی اس حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم پاکستان میں بھی باصلاحیت باکسرز کی کمی نہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لیاری بھی گئے جہاں باکسنگ کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ پاکستان کی آبادی بہت زیادہ ہے اور یہاں سے بڑی تعداد میں باصلاحیت باکسرز سامنے آسکتے ہیں۔سابق عالمی چیمپئن نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران بھی پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے حوالے سے بات ہوئی تھی۔عامر خان نے کہا کہ اس وقت ان کی مکمل توجہ پاکستان پر ہے اور وہ ملک میں باکسنگ کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتی سرپرستی اور سپورٹ انتہائی ضروری ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں