انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے روپیہ مزید مضبوط
ویب ڈیسک :بدھ کے روز بھی پاکستانی روپے نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی معمولی برتری برقرار رکھی، جبکہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا اور امریکی ڈالر کی قدر بھی مضبوط رہی۔انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ ایک پیسے کے معمولی اضافے کے ساتھ 277.45 روپے پر بند ہوا۔گزشتہ روز منگل کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 277.46 روپے پر بند ہوئی تھی، یوں بدھ کو روپے کی قدر میں ایک پیسے کی بہتری ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب مشرق وسطیٰ میں دوبارہ شروع ہونے والی کشیدگی نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو مزید اوپر دھکیل دیا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں افراط زر یعنی مہنگائی کے خدشات ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگے ہیں۔چھ اہم عالمی کرنسیوں، جن میں یورو اور ین بھی شامل ہیں، کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر کو جانچنے والے ڈالر انڈیکس 99.67 پر مستحکم رہا۔عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگاعالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی بدھ کے روز مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ منگل کو قیمتوں میں 4 ڈالر سے زائد کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا، جس کے بعد بدھ کو ابتدائی کاروباری اوقات میں بھی خام تیل کی قیمتیں بڑھ گئیں۔برینٹ کروڈ کی قیمت 1.03 ڈالر یا 1.1 فیصد اضافے کے بعد 95.68 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 61 سینٹ یا 0.7 فیصد اضافے کے بعد 90.83 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوئی۔گزشتہ روز منگل کو خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ برینٹ کروڈ کے لیے 24 جولائی کے بعد، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کے لیے 23 جولائی کے بعد اب تک کا سب سے بڑا یومیہ اضافہ تھا۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی معیشت پر ممکنہ اثرات اور مہنگائی کے دوبارہ بڑھنے کے خدشات کو نمایاں کررہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں