پمز سانحہ، وفاقی سیکرٹری صحت عہدے سے فارغ

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کی اموات پر وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو عہدے سے ہٹا دیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت پمز ہسپتال آتشزدگی کے واقعے پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ افسران پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا۔وزیراعظم نے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کرکے عہدے سے ہٹا دیا اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو فوری طور پر اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔ سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے جبکہ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان اور دیگر ارکان کمیٹی میں شامل ہیں۔قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور کہا کہ بچوں کے ساتھ اس نوعیت کا واقعہ ناقابلِ تلافی ہے۔ واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔وزیراعظم نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک سانحے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے