وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی ملاقات
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں تعلیم، سکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، توانائی اور ڈیجیٹل اثاثوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔نیٹلی بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، خصوصاً پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں، پنجاب اور لاہور کے لوگ زندہ دل ہیں۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید وسعت دی جائے گی، جبکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اور عملی اقدامات جاری ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ خواتین کی آمدورفت آسان بنانے کے لیے الیکٹرک سکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں کے ذریعے خواتین کو مالی خودمختاری کی طرف لایا جا رہا ہے۔مریم نواز کے مطابق خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن جیسے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں، جبکہ مون سون کے دوران پیشگی اقدامات کے ذریعے بارشی پانی کے نکاس کا نظام بہتر بنایا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں