عمانی ساحل کے قریب دو آئل ٹینکروں پر حملے، خطے میں سمندری کشیدگی مزید بڑھ گئی
لندن: برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی (UKMTO) نے عمان کے علاقے خصب کے قریب ایک اور آئل ٹینکر کے نزدیک دھماکے کی اطلاع دی ہے، جس کے بعد عمانی ساحل کے قریب حملوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔برطانوی ادارے کے مطابق اسے اطلاع موصول ہوئی کہ عمان کے خصب سے تقریباً 34 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کے کپتان نے اپنے جہاز کے قریب پانی کا ایک بڑا چھینٹا اٹھنے اور دھماکے کی آواز سننے کی اطلاع دی۔میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں جہاز کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔اس سے قبل بھی برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز اتھارٹی نے بتایا تھا کہ عمان کے علاقے لیما سے تقریباً 20 کلومیٹر شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر کو نامعلوم سمت سے داغے گئے پروجیکٹائل کا نشانہ بنایا گیا۔ایران اور عمان کے اطراف سمندری حدود میں حالیہ دنوں کے دوران کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خلیجِ عمان اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد تجارتی جہاز بھی حملوں کی زد میں آ چکے ہیں۔دوسری جانب ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جبکہ امریکہ نے بھی خطے میں اپنی بحری افواج تعینات کر رکھی ہیں۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات خطے میں جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں