پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے بااختیار بنایا جائے گا:مریم نواز
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اتھارٹی کو جدید خطوط پر ازسرِنو منظم (ری اسٹرکچر) اور مکمل طور پر فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے بااختیار بنایا جائے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ اتھارٹی کے تمام واٹر ٹرکوں اور فلٹریشن پلانٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں کی ضروریات کے مطابق جدید آر او پلانٹس اور فلٹریشن ٹیکنالوجی نصب کی جائے گی۔ تمام فلٹریشن پلانٹس پر پلانٹ آئی ڈی، آپریٹر کا نام، رابطہ نمبر اور اوقاتِ کار بھی نمایاں طور پر درج کیے جائیں گے۔اجلاس میں پنجاب بھر میں صاف پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنسی کی خدمات حاصل کرنے اور جدید جاپانی و چینی ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے دور دراز علاقوں میں موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے دائرہ کار کو مزید بڑھانے کا حکم دیا۔ بریفنگ کے مطابق فعال موبائل بوٹلنگ پلانٹس سے روزانہ 2,400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔اجلاس میں پنجاب کے 5,734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانے کے ساتھ ضرورت کے مطابق مزید پلانٹس لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا دائرۂ کار صوبے کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک توسیع دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ "ستھرا پنجاب” کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو مؤثر، فعال اور منظم ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں