لاپتہ افرادکےنام پر دھرنا دینے والے بلوچستان میں بہائےخون ناحق پر بھی بولیں: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا کہ لاپتہ افراد کے نام پر دھرنا دینے والے اور جلوس نکالنے والے بلوچستان میں بہائے خون ناحق پر بھی بولیں اور احتجاج کریں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں پہلے بھی دوسرے صوبوں سے جا کرکام کرنے والوں کو شہید کیا جاتا تھا، غریب لوگ روزی کی تلاش میں وہاں پر جاتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا یہ بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں کی کارروائیاں ہیں، ان واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس کا لازمی ری ایکشن ہوگا، ناحق لوگوں کا خون بہانے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کیا بلوچستان میں دوسرے پاکستانیوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں، ایک وقت تھا پنجاب، سندھ اور دیگر صوبوں سے لوگ وہاں جا کر ملازمت کرتے تھے، اسلام آباد میں آکر لاپتہ افراد کے نام پر دھرنے دیے جاتے ہیں،کسی کو توفیق نہیں ہوتی کہ یہ جو خون بہایا جارہا ہے اس کی بھی مذمت کریں، وہاں پر بے گناہ لوگوں کو بسوں سے اتار کر مارا جا رہا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کوئی بھی تحریک ڈبل اسٹینڈرڈ سے کامیاب نہیں ہوتی، ناحق خون آپ سڑکوں پر بہا رہے ہیں، لاپتا افراد میں کوئی دبئی بیٹھا ہےکوئی دوسرے ملکوں میں، پنجاب میں سارے صوبوں کے لوگ ملازمت کرتے ہیں، پنجاب نے اپنا دامن کھلا رکھا ہے، پنجاب کی سرزمین سارے پاکستانیوں کی ملکیت ہے، پاک سرزمین پر سب کے ایک جیسے حقوق ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں