راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی دس وکٹوں سے تاریخی فتح
راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کودس وکٹوں سے شکست دے کر تاریخی فتح اپنے نام کر لی ۔
پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں محض 146 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور بنگلادیش کو جیت کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا تھا بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرتے ہوئے تاریخی فتح سمیٹی ، یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف سب سے بڑی فتح ہے جبکہ پاکستان کی تاریخ میں بنگلہ دیش کے خلاف سب سے شرمناک شکست ہے۔
راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ کپتان شان مسعود محض 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس کے یکے بعد دیگرے بابراعظم 22، عبداللہ شفیق 37، شاہین شاہ آفریدی 2، نسیم شاہ 3، سعود شکیل، سلمان علی آغا اور محمدعلی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 51 رنز بنائے، پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف صرف 29 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
بنگلادیش کی جانب سے دوسری اننگز میں مہدی حسن میراز نے 4، شکیب الحسن نے 3 جب کہ شورف الاسلام، ناہید حسن اور حسن محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پہلی اننگز میں پاکستان کے 448 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور 117رنز کی برتری حاصل کی.راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو اس فارمیٹ میں پہلی بار شکست دی، اور 10 وکٹوں سے پہلا ٹیسٹ اپنے نام کرکے سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی.مشفق الرحیم کو 191 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے پہلی اننگز 6 وکٹ کے نقصان پر 448 رنز پر ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اس وقت محمد رضوان 171 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے، جس پر سابق کرکٹرز نے شان مسعود کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں محمد رضوان کی ڈبل سنچری کا انتظار کرنا چاہیے تھا ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں