مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اجلاس: پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی کیلئے ہر ممکن کوشش کی، پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ
اسلام آباد: مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں و نمائندگان کے اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔
جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں پارلیمانی رہنماؤں کو پاکستان افغانستان صورتحال، ایران، مشرق و سطیٰ وخلیج میں کشیدگی پر ان کیمرہ بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس کو پاکستان کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے بھی ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں شریک سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نےاپنے خیالات کا کھل کراظہار کیا، شرکانےموجودہ حالات میں ملی اتحاد،اتفاق و یگانگت کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ شرکا نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششوں کو سراہا، شرکا نے سفارتی کوششیں مزید تیز کرنےکی ضرورت پر زور دیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویز پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان نے تنازع کی شدت میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی اور ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
ذرائع کے مطابق بریفنگ میں پیپلز پارٹی،جے یو آئی ف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے اراکین شریک ہوئے تاہم ان کیمرا بریفنگ میں اپوزیشن جماعت تحریک انصاف کا کوئی رکن شریک نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز فیصلہ کیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات تک کسی حکومتی میٹنگ میں شریک نہیں ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں