نائیجیریا:کشتی حادثے میں 60 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے
نائیجیریا کی شمالی ریاست نائیجر میں ایک کشتی حادثے کے نتیجے میں 60 افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔ جبکہ کچھ افراد کو زندہ بچا لیا گیاہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کشتی ریاست نائیجر کے ضلع ملالے کی بستی تُنگان سُولے سے دوگّا کے لیے روانہ ہوئی تھی کہ شمالی وسطی علاقے کے قریب دریا میں درخت کے تنے سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔ مقامی حکام کے مطابق کشتی میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 60 ہو گئی ہے جبکہ کچھ افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ متعدد لاپتا ہیں جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔نائیجیریا میں برسات کے موسم کے دوران کشتی کے حادثات عام ہیں۔
افریقا کے سب سے زیادہ آبادی والے اس ملک میں یہ حادثات عموماً کشتی میں ضرورت سے زیادہ وزن اور کشتیوں کی ناقص صورتحال کے باعث پیش آتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان میں سے اکثر کشتیاں بغیر لائف جیکٹ کے چلتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں