103 ویں یومِ فتح : ترک صدر طیب ایردوان کا فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا عزم
اسلام آباد (ریحان خان ) ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے یومِ فتح کے موقع پر ترکیہ کے عوام، سیاسی قیادت اور مسلح افواج کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں صدر ایردوان کا پیغام ترک سفارتخانے کے فرسٹ کاؤنسلر اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن برک ایچے نے پڑھ کر سنایا، اس موقع پر سفارتکاروں، سرکاری شخصیات اور ترک کمیونٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

ترکی کے یومِ فتح کی 103ویں سالگرہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے خصوصی پیغام میں انصاف کے دفاع، ظلم کے خلاف جدوجہد اور فلسطینی عوام سے بھرپور یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر ایردوان نے 30 اگست 1922ء کو لڑی جانے والی جنگ دوملوپینار کو ترکی کی جنگِ آزادی کا فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معرکے میں سامراجی قوتوں کو شکست دے کر جدید ترکی کی بنیاد رکھی گئی۔ بانی جمہوریہ غازی مصطفی کمال اتاترک، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ فتح کی روح آج بھی ترکی کی قومی یکجہتی، دہشت گردی کے خاتمے اور 8 کروڑ 60 لاکھ عوام کی خوشحالی کے عزم کو جلا بخشتی ہے۔
غزہ میں جاری انسانیت سوز صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ترک صدر نے قابض قوتوں کی ’’تباہی، قبضے اور نسل کشی‘‘ کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ مظالم کے ذمہ داروں کو تاریخ اور قانون کے کٹہرے میں ضرور لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا: ’’ہمارے فلسطینی بھائی اور بہنیں گزشتہ 80 برس سے بے شمار حملے سہنے کے باوجود، ان شاء اللہ ہمیشہ اپنی سرزمین پر قائم رہیں گے۔‘‘ ایردوان نے دنیا بھر کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہنے کے ترکی کے غیر متزلزل عزم کو بھی دہرا دیا۔ترکیہ کے صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ’’انسانیت کے محاذ‘‘ پر یکجا ہو کر خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے کردار ادا کرے۔
ترک صدر نے یومِ فتح کی مبارکباد ترک عوام، ترک قبرصیوں اور دنیا بھر میں مقیم لاکھوں شہریوں کو دیتے ہوئے ’’صدیِ ترکی‘‘ کے وژن کو امن، خوشحالی اور وقار کی بنیاد پر آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے یومِ فتح کے موقع پر ترکیہ کے عوام، سیاسی قیادت اور مسلح افواج کو دلی مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ، آزمودہ اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک اپنے منفرد تعلقات کو مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی بنیاد پر مزید وسعت اور گہرائی دیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں