نیتن یاہو کے اقتدار کو خطرہ، اسرائیلی پارلیمنٹ کی تحلیل کے بل پر آج ووٹنگ ہوگی
اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں پارلیمنٹ تحلیل کرنے سے متعلق اپوزیشن کے بل پر آج ووٹنگ ہوگی۔ اس ووٹنگ میں بل کو اکثریت حاصل ہوئی تو اسے نافذ ہونے کے لیے مزید 3 مرتبہ ووٹنگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا جس کے بعد کنیسٹ کی تحلیل اور قبل از وقت انتخابات کی تاریخ طے ہوسکے گی۔
اس کے برعکس اگر اپوزیشن بل پر اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تو اسے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے سے متعلق دوسرا بل پیش کرنے کے لیے کم از کم 6 ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو کے اتحادیوں نے بھی ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔موجودہ حکومتی اتحاد کے پاس 68 نشستیں ہیں جبکہ اقتدار میں رہنے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو نے اپنے اتحادیوں پر اس قانون کی حمایت سے باز رہنے کے لیے دباؤ ڈالا ہے، تاہم قدامت پسند یہودیوں کے فوج میں لازمی سروس کے قانون کی منظوری کے بعد حکومتی اتحاد میں شامل کچھ جماعتیں نتین یاہو سے نالاں ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں