بنوں : خوارجی دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ،12 سکیورٹی اہلکار شہید
بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ، 12 سکیورٹی اہلکار شہید ، دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارجیوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی تھی جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارجی ہلاک ہو گئے۔ خود کش حملے میں سکیورٹی فورسز کے دس جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے دو اہلکار شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارجیوں کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی تھی جس پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔ خودکش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر نے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے شہادتیں ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کر کے علاقہ مکمل کلیئر کر دیا گیا ہے ۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید اقبال، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، ہری پور کے 39 سال کے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔
شہداء میں بارکھان اور کوہلو کے سپاہی صفدر علی اور اسد بشیر شامل ہیں جبکہ ڈی آئی خان اور میانوالی کے سپاہی اعجاز حسین اور عاطف خان نے بھی جامِ شہادت نوش کیا۔شہدا میں کرک اور لوئر دیر کے سپاہی امان اللّٰہ اور شاہ زمان بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں