اماراتی سفارت خانہ کی جانب سے "رن تھرو دی سینڈز آف ٹائم” 5 کلومیٹر میراتھن کا انعقاد
اسلام آباد متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا ہے کہ اماراتی سفارت خانہ پاکستانی نوجوانوں کے لیے صحتمندانہ سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحتمند تفریح اور سرگرمیوں کے فروغ سے ایک صحتمند معاشرہ تشکیل پاتا ہے اور ان سرگرمیوں سے بیرون ملک پاکستانیوں کا مثبت تصور اجاگر ہوتا ہے۔
یہ بات انہوں نے "رن تھرو دی سینڈز آف ٹائم” کے عنوان سے 5 کلومیٹر میراتھن کے دوران کہی، جس میں پاکستانی نوجوانوں، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ میراتھن کا آغاز اماراتی سفارت خانہ کے قریب واقع ڈپلومیٹک انکلیو سے ہوا، جہاں 50 سے زائد ایتھلیٹس نے 5 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کیا۔ اس موقع پر اردن، مراکش، برونائی دارالسلام اور آسٹریلیا کے سفیروں نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اماراتی سفارت خانہ نے اس میراتھن کے دوران ایک خصوصی پویلین بھی قائم کیا تھا، جس میں متحدہ عرب امارات کی ثقافت، روایات اور دستکاریوں کو پیش کیا گیا۔ فیس پینٹ، صحرائی طرز زندگی، برتن اور اماراتی قہوے کے اسٹالز پر عوام کی بڑی تعداد نے گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ روایتی اماراتی رقص نے بھی عوام کے دل جیت لیے۔ اس کے علاوہ، شرکاء کے لیے متحدہ عرب امارات کے روایتی ناشتہ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے میراتھن میں شرکت کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی مثبت اور صحتمندانہ زندگی کے لیے خواہش کا غماز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں پاکستانی نوجوانوں میں صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لیے انتہائی اہم ہیں اور اماراتی سفارت خانہ ان سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھے گا۔
میراتھن میں کامیاب ایتھلیٹس میں تمغے اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے یہ دن شرکاء کے لیے یادگار بن گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں