ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا: پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے سے پاکستان اور چین کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا کیساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی ہیں۔
پاکستان نے غزہ میں فوری فائربندی کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے، غزہ میں نسل کشی کو فوری بند کرنے کیلئے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا ہم اقوام متحدہ کی غزہ کی صورتحال سے متعلق رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایسے حملوں سے فوری طبی امداد کے طلبگار فلسطینیوں کو امداد کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہمیں حریت رہنما یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تحفظات اور ان کی بھوک ہڑتال پر شدید تشویش ہے، انہیں فوری طور پر صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہم بھارتی انتظامیہ سے یاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم پاکستان نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دی ہے، پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، پاکستان اور امریکا پرانے دوست اور شراکت دار ہیں، ہم ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی تعلقات کے حامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں