ایران کا اسرائیل پر پہلی بار ’قدر – ایچ‘ میزائل سے حملہ
ایران کے پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر میزائل حملے میں پہلی بار ملٹی وارہیڈ قدر- ایچ میزائل کا استعمال کیا۔
ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم کے مطابق پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے آج آپریشن وعدہ صادق 3 کے تحت اسرائیل پر 21واں حملہ کیا جس میں سالڈ اور لکویڈ فیولڈ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے میں پہلی بار ایک سے زائد وارہیڈ لے جانے والے قدر-ایچ میزائل کا استعمال کیا گیا اور میزائل کی درستگی اور اثر کو مزید بڑھانے کے لیے مختلف حکمت عملیوں کا استعمال کیا گیا۔
ایرانی میزائلوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شمال سے جنوب تک کئی اہداف کو نشانہ بنایا۔ پاسداران انقلاب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ایران کے حملوں میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور مقبوضہ علاقوں میں رہنے والوں کو مستقل خطرے کے سائرن سننے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں