تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کی 45ویں سالگرہ پر ریلی
ایران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کی 45ویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، ریلی میں امریکا اور اسرائیل کے جھنڈے نذر آتش کیے گئے ۔ مظاہرین نے امریکا کی مخالفت میں بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی میں شریک افراد نے مقتول ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں ، جنہیں 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں قتل کیا گیا تھا۔

ایران کے انقلابی گارڈز کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو گرتی ہوئی ریاستیں قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جنگ امریکا اور اسرائیل کے خاتمے کا پیش خیمہ ہے۔ہفتے کے روز ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو بلاشبہ ان کے اعمال کا تباہ کن جواب دیا جائے گا۔دوسری طرف امریکی ویب سائٹ ایکسیوس (AXIOS) کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کو اسرائیل پر مزید حملوں سے باز رہنے کیلیے تنبیہ کی ہے۔ امریکی حکام نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے دوبارہ اسرائیل پر حملہ کیا تو واشنگٹن اسرائیل کو نہیں روک سکے گا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی خفیہ اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر عراق سے اسرائیل پر حملہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، یہ حملہ 5 نومبر کو امریکی صدارتی انتخابات سے پہلے کیا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں