ٹی 20 ورلڈکپ: بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا معاملہ، پی سی بی نے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پربھارتی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کر دیا۔

بھارتی میڈیا مبینہ طور پر دعویٰ کررہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے پر رابطہ کیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی میڈیا جھوٹ پر مبنی دعوے کر رہا ہے، وقت بتائے گا کہ کس نے کس کا دروازہ کھٹکھٹایا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کے اس دعوے کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے معاملے پر پی سی بی نے آئی سی سی سے رجوع کیا۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ حسبِ معمول بھارتی میڈیا کے کچھ حلقے من گھڑت کہانیاں پھیلانے میں مصروف ہیں۔ تھوڑا سا صبر اور وقت سب کچھ واضح کر دے گا کہ دروازہ کھٹکھٹانے کون گیا تھا اور کون نہیں۔

اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آئی سی سی کے دہرے معیار کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت سے میچ کے بائیکاٹ کے اعلان کے بعد آئی سی سی نے پی سی بی کو خط لکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کے خط کا جواب دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پی سی بی نے آئی سی سی کے رابطہ کرنےکے بعد ہی جواب دیا ہے اور یہ آئی سی سی ہی بتائےگی کہ پی سی بی نے خط سے متعلق کیا جواب دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے مسئلےکے حل کے لیے دوسرے بورڈز سے بھی رابطہ کیا ہے۔

خیال رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلادیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے