نام کیوں نہیں لیتے، انڈر 19ایشیاکپ میں شکست کی پوسٹ پر بی سی سی آئی نے خود اپنا مذاق بنوالیا
انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں گرین شرٹس کے ہاتھوں بد ترین شکست کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں پاکستان کا نام نہ لکھنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے خود اپنا مذاق بنوالیا۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلےگئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔
اس شکست کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنے ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹوئٹر) پر میچ میں بھارت کی شکست سے متعلق ٹوئٹ کرتے ہے ہوئے صرف لکھا کہ ‘انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست۔‘
عموماً کرکٹ ٹیمیں شکست یا کامیابی کے بعد اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں مخالف ٹیم کا نام بھی لکھتی ہیں لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان جس کے ہاتھوں اسے بدترین شکست ہوئی اس کا نام لکھنا گوارا نہ کیا۔
بی سی سی آئی کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد پاکستانی صارفین اور کرکٹ شائقین کیسے پیچھے رہتے،انہوں نے سوشل میڈیا پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی خوب ٹرولنگ کی اور مذاق اُڑایا۔
ایک صارف نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ ‘ شکست پر کس سے؟’
دوسرے صارف نے لکھا کہ’ تم نام کیوں نہیں لیتے، تمہیں کس سے شکست ہوئی، پاکستان کا نام یاد رکھنا’۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ انڈر 19 کے فائنل میں ٹاس کے موقع پر پاکستان اور بھارت کے کپتانوں میں ایک دفعہ پھر ہینڈ شیک نہیں ہوا۔
نہ ہی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بناتے ہوئے کپتانوں نے ہاتھ ملایا، اس سے پہلے گروپ میچ میں بھی دونوں کپتانوں میں ہینڈ شیک نہیں ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں